قومی احتساب بیورو(نیب) کراچی کی ٹیم ڈیفنس کھڈا مارکیٹ میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کےگھرپرکارروائی مکمل کر کے گھر سے 3بکسوں میں قیمتی سامان لے روانہ ہوگئ۔
ذرائع کے مطابق نیب ٹیم 8گھنٹےسےزائد آغا سراج درانی کے گھر پررہی،نیب ٹیم نےمختلف دستاویزات تحویل میں لےلیں۔
ذرائع کے مطابق نیب نےآغاسراج درانی کےاہلخانہ سےپوچھ گچھ کی، اس دورانپیپلزپارٹی رہنماؤں کی بڑی تعدادآغاسراج درانی کےگھرکےباہرموجود تھی جو گھرکے سامنے دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔
دوسری جانب آغا سراج درانی کو کراچی میں نیب کے ہیڈ آفس پہنچا دیا گیا جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع نےبتایا کہ نیب کراچی کی ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری آغا سراج درانی کے گھر کے باہر موجود ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب کی ٹیم ڈھائی گھنٹے آغا سراج درانی کے گھر کے باہر کھڑی رہی، بعدازاں گھر میں داخل ہوئی۔
بعدازاں پیپلز پارٹی کے رہنما بشمول شہلہ رضا، مرتضیٰ وہاب، سید قائم علی شاہ ، نثار کھڑو، امتیاز شیخ، مکیش چاولہ اور دیگر آغا سراج درانی کے گھر پہنچ گئے تاہم سیکیورٹی حکام نے کسی کو اندر نہیں جانے دیا۔
دوسری جانب آغا سراج درانی کی اہلیہ کی طبعیت خراب ہو گئی جس کے باعث ان کے فیملی ڈاکٹر گھر پہنچے۔
ڈاکٹر دیدار نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اہلکار اندر جانے نہیں دے رہے۔ شہلہ رضا کے مطابق اندر سے ڈاکٹر کو فون کر کے بلایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چھاپے کے دوران گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی 8 گاڑیاں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
گاڑیوں سے متعلق نیب کل محکمہ ایکسایز کو خط لکھے گی جبکہ نیب نے کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد کی دستاویزات تحویل میں لے لیے ہیں۔
اس سے قبل قومی احتساب بیورو نےاسپیکر سندھ اسمبلی کو اسلام آباد سے گرفتارکرلیا تھا۔
گرفتاری کے بعد ان کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر ایک میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آغا سراج درانی کو تین دن میں کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔