وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا، اجلاس میں میں پلوامہ واقعےاور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور کلبھوشن یادیوکیس پر غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ، حساس اداروں کے سربراہ اور سیکیورٹی حکام سمیت خزانہ، دفاع، خارجہ کے وفاقی وزرا اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پلواما واقعہ اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا جائے گا جب کہ عالمی عدالت میں زیر سماعت بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کیس پر بھی بات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان اور افغان امن عمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء سے ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال پر بات چیت ہوگی اور تیرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی الزامات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سرکاری خطاب میں بھارت کو پیش کش کی تھی کہ اگر اُس کے پاس پلوامہ حملے سے متعلق شواہد ہیں تو پیش کرے، پاکستان کارروائی کرے گا، تاہم اگر بھارت نے جارحیت کا سوچا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔