سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن قومی اسمبلی شہباز شریف کا نام آج ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیاجائے گا ، نیب نےاثاثہ جات کیس میں نام ای سی ایل میں ڈالنےکی سفارش کی تھی۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ آج کسی بھی وقت کابینہ کہ سمری موصول ہو جائے گی جس کے بعد شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 19 فروری کو وزارت داخلہ کی ہدایت پر شہباز شریف کا نام آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر پی آئی این ایل یعنی عبوری قومی شناختی فہرست میں ڈال دیا گیا تھا جس کے بعد وہ آئندہ 30 روز کے دوران بیرون ملک نہیں جاسکتے۔
ذرائع کے مطابق شہبازشریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے تک عبوری قومی شناختی فہرست میں رہے گا، اس سے قبل نیب نے 15 فروری کو شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو گرفتار کیا اور کئی بار جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے باوجود ان کے خلاف چالان پیش نہ کرسکا۔