وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتناچاہے شور مچالے ایک ایک کا احتساب ہوگا کیونکہ طاقتور اور کمزور کے احتساب کا ایک طرح کا نظام ہونے سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔
وزیراعظم نے پنجاب میں صحت کارڈز منصوبے کا افتتاح کردیا۔ عمران خان نے راجن پور میں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نظریہ پاکستان سے دور ہوگئے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ملک کو مدینے کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کریں۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، اگر اس نظریہ پر قائم نہ رہا تو ملک ختم ہوجائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سرکاری اداروں کا سب سے بڑا مسئلہ سزا و جزا کا نظام ہے، اس نظام کے قائم ہونے تک کوئی ادارہ ٹھیک نہیں ہوگا، پورا شریف خاندان علاج کے لیے بیرون ملک جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے لندن میں محلات تسلیم کیے لیکن ملکیت کی ایک دستاویز پیش نہ کرسکے، اگر پیش کردیتے تو سارا کیس ختم ہوجاتا ہے، طاقتور اور کمزور کے احتساب کا ایک نظام ہونے سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی یونین اورٹولہ جمہوریت کے نام پر اپنی چوری بچانے میں لگی ہے، پوری اپوزیشن کو چیلنج کرتا ہوں جتنا مرضی شور کرلو جو چاہو کرلو ایک ایک کا احتساب کرنا ہے۔