وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور ایم ڈی پی ٹی وی ارشد حسین میں لڑائی پولیس تک پہنچ گئی، وزیر اطلاعات نے ایم ڈی کے خلاف تحقیقات کیلیے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھ دیا۔
وزیر اطلاعات کی جانب سے وفاقی پولیس کے سربراہ کو خط میں لکھا گیا ہے کہ پی ٹی وی کے کھاتوں سے بھاری ادائیگیاں کی گئی ہیں، ادارے کے اکاؤنٹس سے 31 لاکھ 80 ہزاراور17 لاکھ 60 ہزار روپے کے مشکوک چیک کیش کروائے گئے۔
ان کا کہناتھا کہ پی ٹی وی اکاؤنٹس سے رقم کی منتقلی ضابطہ فوجداری کا مقدمہ بنتا ہے، معاملے کی میرٹ پر تحقیقات کر کے آگاہ کیا جائے۔
پی ٹی وی یونین کے جنرل سیکریٹری نے وزیر اطلاعات کو درخواست دی تھی کہ ادارے کے کھاتوں کی تحقیقات کرائی جائے، درخواست کے ساتھ تمام بڑی بڑی ادائیگیوں کے ثبوت اور کھاتوں کی نقول بھی منسلک ہیں۔