وفاقی حکومت نے ٹی وی چینلز کے اشتہارات کی نظر ثانی شدہ فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق ٹی وی چینلز کو 4 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ برس دسمبر میں ٹی وی چینلز کے اشتہارات کے سرکاری نرخ مقرر کیے تھے جس پر پی بی اے اور صحافتی تنظیموں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔
تقریبا2 ماہ کی جدوجہد اور میڈیا مالکان کے ساتھ مذاکرات کے بعد حکومت نے ٹی وی چینلز کے اشتہارات کے نئے نرخ مقرر کردیے ہیں۔ حکومت نے اس کی بار تمام نیوز چینلز کو 4 کیٹگریز میں تقسیم کیا ہے۔
پہلی کیٹگری میں جیونیوز ، اے آر وائی، دنیا نیوز ، ایکسپریس نیوز، سما اور 92 نیوز کو رکھا گیا ہے۔ ان 6 چینلز کو ایک منٹ کے اشتہار کے ایک لاکھ 40 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
دوسری سلیب میں 4 چینلز (آج، ڈان، چینل 24 ، کیپٹل ٹی وی ) کو رکھا گیا ہے جنہیں ایک منٹ کے سرکاری اشتہار کا ریٹ ایک لاکھ روپے دیا جائے گا۔
حکومت نے تیسری سلیب 75 ہزار روپے کی مقرر کی ہے جس میں خیبر ، کے ٹی این، اب تک ، نیوز ون، وش نیوز، ہم نیوز، نیو، بول، سٹی 42 ، جی این این ، پبلک اور روز نیوز کو رکھا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے چوتھی اور آخری سلیب 50 ہزار روپے کی رکھی گئی ہے جس کے تحت باقی نیوز چینلز کو اشتہارات جاری کیے جائیں گے۔