آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر کے پاک فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی پر چری کوٹ اور باگسر سیکٹر کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو مقامی فارمیشن کمانڈرز کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پاک فوج کے جوانوں اور افسران سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے لیکن کسی خوف یا دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہم جوئی کا جواب اسی طریقے سے بھرپور جواب دیا جائے گا،آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر موجود جوانوں کے جذبے اور بلند حوصلے کو سراہا۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں غاصب بھارتی فوج پر کار خودکش حملے کے بعد بھارت نے ماحول کشیدہ کر دیا ہے، بھارتی حکومت اور انتہاپسند سیاسی قیادت نے بغیر تحقیقات کے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔