پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی عائد کرنےکےلیے ایک شہری نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ۔
شیخ محمد لطیف نامی شہری نے بھارتی انتہا پسندی کے ردِعمل میں لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
درخواست گزارنے مؤقف اختیار کیا کہ 2016 میں پاکستانی قانون کےتحت ملک بھر میں بھارتی مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی مگر اس کے باوجود پاکستان میں انڈین فلم انڈسٹری کو فروغ دیاگیا۔
یاد رہے کہ 2017 میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے تحت پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے بھارتی فلموں سمیت غیرملکی فلموں پر پابندی ختم کردی گئی تھی۔
شیخ محمد لطیف کا کہنا ہے کہ حکومت 2017 کے قانون کی پاسداری کرتے ہوئے بھارتی فلموں پر پابندی عائد کرے۔
پلوامہ حملے کے بعدبھارت میں پاکستانی اداکاروں کو بھارتی فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔