کراچی کے تمام پرائمری اسکولزمیں پہلی سے چوتھی جماعت تک سالانہ امتحانات 12 سے 19 اپریل تک ہوں گے۔
ڈائریکٹر پرائمری اسکولز غلام عباس ڈیتھو کی زیرصدارت اجلاس میں کراچی کے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ضلعی افسر تعلیم اور تعلقہ افسر تعلیم و دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈائریکٹر پرائمری اسکولز نے افسران کو ہدایات کی کہ پہلی سے پانچویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں بچوں سے کوئی بھی امتحانی فیس کی مد میں پیسے نہیں لئے جائیں گے۔ کوئی بھی ہیڈماسٹر یا عملہ امتحانات کی مد میں پیسے وغیرہ لے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
غلام عباس ڈیتھو نے کراچی کے تمام پرائمری ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈی ای اوز اور ٹی ای اوز کو ہدایات جاری کیں کہ پہلے مرحلے میں کراچی کے تمام پرائمری اسکولز کے پہلی سے چوتھی جماعت تک سالانہ امتحانات 12 اپریل سے 19 اپریل تک ہوں گے اور پرائمری کے تمام امتحانات کے نتائج 30 اپریل کو جاری کئے جائیں گے۔