مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ای سی ایل میں نام ڈالے جانے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعے کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا نام وزارت داخلہ نے ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ شہباز شریف کے حق میں رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں فیصلہ دے چکی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وکلا آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔
نیب لاہور نے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو خط بھی لکھا تھا۔ شہباز شریف کا نام آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی تھی۔
14 فروری کو کو لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کی تھی۔
سابق وزیراعلی پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکو نیب کی جانب سے آشیانہ اسکیم اسکینڈل میں گزشتہ سال 5 اکتوبر کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ صاف پانی کیس میں تحقیقات کے سلسلے میں نیب میں پیش ہوئے تھے۔