سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز رشید نے کہا کہ ڈان لیکس پر تنازع کھڑا کیا گیا، جسے روز پنکھے سے ہوا بھی چوہدری نثار نے دی، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور چوہدری نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی۔
پرویز رشید نے کہا کہ اگر شریف خاندان کو ڈیل یا ڈھیل دی جا رہی ہے تو حکومت دوسرے فریق کا نام بتائے، دراصل شکوک و شبہات پیدا کرنے کیلئے مخالفین ایسے سوالات اٹھا رہے ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ مشرف کے باہر جانے پر مخالفین کی زبانیں بند کیوں ہو جاتی ہیں، نواز شریف مشرف نہیں ہیں، وہ اس دھرتی کے بیٹے ہیں یہیں رہیں گے اور سیاست کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چوہدری نثار نے نواز شریف اور ڈیل سے متعلق سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اگر تھوڑا سا بھی اشارہ کردوں تو بہت سے لوگوں کی جگ ہنسائی اور کئی لوگوں کی عزت میں اضافہ ہو لیکن اس کو پردے میں رہنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف صرف اپوزیشن میں ہوتے ہوئے سویلین بالادستی کی بات کرتے ہیں۔