پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماخورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت بچ نہیں سکے گی، نوازشریف علاج کے لیے سندھ آئیں اور صحتیاب ہو کر جائیں تو خوشی ہوگی۔
سکھر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکیولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی)کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی صحت خراب ہے اور ان کی پوزیشن صحیح نہیں، ہمیں عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے لیکن نوازشریف کی ضمانت ہونی چاہیے۔
خورشید شاہ نے نوازشریف کو این آئی سی وی ڈی میں علاج کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا اپنا فیصلہ ہےکہ وہ کہیں بھی علاج کرائیں، وہ سکھر آجائیں، ہمارے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں، این آئی سی وی ڈی سکھر میں اچھے ڈاکٹر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت نہیں بچے گی۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ کیسز سب پر ہیں مگر حکومت جس پر ہاتھ ڈالے، احتساب کریں مگر صفائی کا موقع بھی دینا چاہیے۔