وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین بینک اکاؤنٹس کھلوا سکتےہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے بینک اکائونٹس کھولنے کی ہدایت کردی ہے۔
عمران خان نے کہا ایسا بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا تاہم اب افغان مہاجرین ملکی معیشت کی بہتری میں کردار ادا کرسکیں گے۔
یاد رہے گزشتہ سال قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 1951 کے قانون کے مطابق جو بچے پاکستان میں پیدا ہوتے ہیں، پاکستانی شہریت ان کا حق ہے۔
وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کئی سال سے افغان اور بنگالی پاکستان میں رہائش پذیر ہیں لیکن انہیں شہریت نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں پر توجہ دینا ہو گی۔