آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔ دونوں سربراہان نے پاک فوج اور فضائیہ کی تیاریوں اور باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کے دونوں سربراہان نے موجودہ صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بات چیت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اور جوانوں اور افسروں کے حوصلے کو سراہا۔
پاک فوج کے سربراہ نے گزشتہ دنوں اپنے ایک اہم بیان میں کہا تھا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے، تاہم اگر جارحیت ہوئی تو اسی شدت سے اس کا جواب دیا جائے گا۔