پاکستانی خاتون ماہر فلکیات نے انٹارکٹیکا کا سفر کرکے سرد ترین براعظم تک جانے والی پہلی خاتون کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی طیبہ ظفر اگرچہ ستاروں، سیاروں اور کہکشاؤں سے دلچسپی رکھتی ہیں تاہم انہوں نے زمین کے سرد کنارے انٹارکٹیکا پر کمند ڈال کر ملک کا نام روشن کردیا ہے، وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں ہوم ورڈ باؤنڈ پروگرام کے تحت منتخب کیا گیا تھا۔
ہوم ورڈ باؤنڈ پروگرام 2018ء اور 2019ء کے تحت 26 ممالک سے 80 خواتین منتخب ہوئیں جن میں واحد پاکستانی طیبہ ظفر شامل تھیں۔
اس پروگرام میں دنیا بھر سے سائنس، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں سے وابستہ خواتین ماہرین کو برفیلے براعظم انٹارکٹیکا لے جایا گیا اور اس کا مقصد خواتین کے اعتماد میں اضافہ اور ان میں رہنمائی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ ڈاکٹر طیبہ اس کے ایچ بی تھری پروگرام کا حصہ بنی ہیں۔
پروگرام کے تحت ڈاکٹر طیبہ نے تین ہفتوں کا پروگرام مکمل کیا جس میں لیڈرشپ کی تربیت اور لیکچر دیے گئے۔
اس کے ساتھ حساس علاقوں کا دورہ کرایا گیا جو آب و ہوا میں تبدیلی یا کلائمٹ چینج سے متاثر ہوئے ہیں،ان میں پگھلتے گلیشیئرز سے لے کر پینگوئن پر تحقیق اور وھیل کا نظارہ بھی شامل ہے۔