وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ پاکستان بھارت کے اقدام پر اپنے دفاع میں مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے اقدام کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی تصور کرتے ہیں، پاکستان اپنے دفاع میں مناسب جواب دینے کا حق رکھتاہے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں دفتر خارجہ کا مؤقف پیش کروں گا۔
اس سے قبل نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطرات کے بادل پاکستان پر منڈلا رہے ہیں اور موجودہ حالات میں ہوشیار رہنا ہوگا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جنونی طبقہ سیاسی مقاصد کے لیے خطے کا امن داؤ پر لگانے پر تلا ہوا ہے تاہم پاکستان کی قوم اور افواج ہوشیار ہیں اور چپے چپے کے دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئی صورتحال پر دفتر خارجہ میں ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کو پل پل کی خبر ہے اور وہ ہر چیز سے مطلع ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفتر خارجہ کے اجلاس میں ملک کا نکتہ نظر پیش کروں گا، ہم ذمہ دار قوم ہیں اور ہمیں ذمہ داری، بردباری اور وقار سے آگے بڑھنا ہے۔