حکومت نے بھارتی جارحیت اور ہندوستان کے جھوٹے پراپیگنڈہ کو بے نقاب کرنے کیلئے قومی اوربین الاقوامی میڈیا کو فوری طور پر بالاکوٹ لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خزانہ اسد عمر کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں، بھارتی اقدام پاکستان کے خلاف جارحیت ہے اور پاکستان اس کا جواب دے گا، وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس 27 فروری کو طلب کرلیا ہے، جب کہ افواج اور عوام کو تیار رہنےکی ہدایت کردی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزرائے دفاع، خزانہ اور خارجہ پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو پاکستان کی سیاسی قیادت کو صورتحال پر اعتماد میں لے کرمشاورت کرے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اوآئی سی کےرابطہ گروپ کااجلاس متحدہ عرب امارات میں جاری ہے جہاں سیکرٹری خارجہ پاکستان کانکتہ نظرپیش کریں گی۔ اسلامی تعاون تنظیم میں بھارتی وزیرخارجہ کی آمد سے متعلق نہیں بتایاگیا، او آئی سی سشما سوراج کو مدعوکرنے پر نظر ثانی کرے۔
انہوں نےمزید کہا کہ تمام صورتحال کے پیش نظر قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو فوری طور پر موقع پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے ہیلی کاپٹرز تیار ہیں اور اگر موسم نے اجازت دی تو ابھی میڈیا نمائندگان کو موقع پر لے جایا جائے گا تاکہ وہ خود دیکھیں اور ہندوستان کا پراپیگنڈہ بے نقاب کریں۔