پاکستان نے فضائی حدود کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنے پر انڈین ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔
بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے انھیں احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ دہشتگردوں کے کیمپ کو نشانہ بنانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹا ہے۔
بھارتی جھوٹے اور من گھڑت دعوؤں کا مقصد اپنی عوام کو خوش کرنا اور انتخابی فوائد حاصل کرنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ رات کے پچھلے پہر 8 بھارتی جہازوں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تاہم پاک فضائیہ کے طیاروں نے جوابی کارروائی میں بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ بھاگتے بھارتی طیاروں نے اپنا سامان پاکستانی حدود میں پھینک دیا۔