وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
دونوں وزرا خارجہ نے خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ کو بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پرسیز فائر کی خلاف ورزی اور حکومت پاکستان، پارلیمنٹ اور عوامی جذبات سے آگاہ کیا۔
زیرخارجہ نے کہا کہ ہندوستان سیاسی مقاصد اور انتخابات کے لیے جنوبی ایشیا کے امن شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے لیکن ہم اپنی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے
انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے عزائم سے پہلے ہی بین الاقوامی برادری کو آگاہ کر چکے تھے۔ پاکستان نے پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے دھمکیوں کے باوجود، انتہائی ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو بتایا کہ ہندوستان کی اس جارحیت سے افغانستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی مشترکہ کاوشیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ بھارت کا یہ جارحانہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکا اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔