پاکستان نے بھارت کو مدعو کیے جانے پراو آئی سی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےاو آئی سی اجلاس میں بھارت کو دعوت دینے پرشدیداحتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوآئی سی بھارتی جارحیت کی مذمت کرے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی سیکریٹری جنرل ڈاکٹریوسف احمدکوٹیلی فون پررابطہ کرکے کہا کہ اوآئی سی دیگررکن ممالک کوبھی مذمت کرنےکاکہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دراندازی اورکشمیرمیں مظالم کررہاہے،موجودہ حالات میں بھارت کواو آئی سی اجلاس میں مدعوکرناگوارانہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ ادارہ جو مسلمانوں کی آواز ہے، اس میں مسلمانوں پرمظالم کرنے والے کو بلانا مناسب نہیں، متحدہ عرب امارات اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
بھارتی وزیر خارجہ کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے پر شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارت کے ہم منصب کو فون کر کے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا کہ کل تک تو صرف ایک غیر رکن ملک کو بغیر مشاورت اجلاس میں بلانے کا معاملہ تھا۔ او آئی سی کے بانی ملک کے خلاف جارحیت سے صورتحال تبدیل ہو گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ مختلف او آئی سی ممالک سے رابطہ کر کے آگاہ کر دیا ہے کہ بھارت کی اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم کے اجلاس میں شرکت قبول نہیں۔