قرارداد ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے پیش کی۔فائل فوٹو
قرارداد ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے پیش کی۔فائل فوٹو

بلوچستان اسمبلی میں بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرار داد منظور

بلوچستان اسمبلی میں بھارتی جارحیت کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکرسردار بابر موسیٰ خیل کی زیر صدارت ہوا جس میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے مشترکہ قرارداد ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے پیش کی۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے لانے کے لیے وفاق اپنا کردار ادا کرے کیوں کہ پلوامہ واقعہ خود بھارت سرکار کی کارستانی ہے جب کہ قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بعد ازاں بلوچستان اسمبلی میں بھارتی جارحیت کے خلاف مشترکہ قراداد منظور کرلی گئی، ایوان نے بھارتی جارحانہ عزائم کو خطے کے کیے خطرہ بھی قرار دیا جب کہ بھارتی دراندازی پر بروقت کاررروائی پر ایوان نے پاک فضائیہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مودی اور بھارت پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتے، ہم عسکری قوت ہیں اور اپنا دفاع جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سخت مؤقف اپنا کر پوری دنیا کو جواب دیا، بلوچستان کی اقلیتی برادری نے بھی پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ہے کیوں کہ ملکی سلامتی کے لئے بلوچستان کے لوگ کسی سے پیچھے نہیں۔