پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے پر سعودی حکومت نے پاکستانی عمرہ زائرین کیلیے اہم اعلان کردیا۔
سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی حکومت پاکستان میں پروازیں معمول پر آنے تک سعودی عرب میں موجود پاکستانی عمرہ زائرین کی میزبانی کرے گی۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق سعودی حکومت مختلف ایئرلائنز کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ کہ فضائی حدود بحال ہونے پر ٹکٹ کی بکنگ کی جاسکے۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے یہ بیان جاری کیا ہے کہ عمرہ کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنیاں ایئرپورٹ سے واپس جانے والے پاکستانی عمرہ زائرین کو ہوٹلوں میں ٹھہرائے اور تمام ممکن سہولتیں دے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد گزشتہ روز اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں سے پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں۔