بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
چمن شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش اور کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی، موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
پشین، قلعہ عبداللہ، گلستان، دکی اور میزئی اڈہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
وادی زیارت اور نواحی علاقوں میں برفباری شروع ہوگئی جب کہ کوژک ٹاپ پر برفباری سے کوئٹہ چمن شاہراہ پر آمد و رفت متاثر ہے، کوہ خواجہ عمران، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، کان مہترزئی، خانوزئی اور برشور میں بھی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں میں خضدار میں 4 اور بارکھان میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ زیارت میں کم سےکم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، قلات میں 5، ژوب 4، سبی میں 15، پنجگور میں 1، پسنی میں 18 اور جیوانی میں درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔