پاکستانی حکومت کی جانب سے خیرسگالی اور امن کے لیے بھارتی پائلٹ ابھینندن کو رہائی کے بعد کنٹرول لائن سے جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مشتاق منہاس نے اس خوفناک گولہ باری کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے جس میں گولوں کی برسات ہوتے دیکھی جا سکتی ہے۔ سینکڑوں کی تعداد میں گولے رات کی تاریکی چیر کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کی جانب سے زیادہ گولہ باری کی جا رہی ہے جس کا پاکستانی افواج بھی موثر جواب دے رہی ہیں۔
مشتاق منہاس نے جو ویڈیو شیئر کی وہ دیگر ذرائع سے بھی سامنے آئی اور کچھ لوگوں نے اسے پرانی ویڈیو قرار دیا ہے۔ تاہم نصف شب کو پوسٹ کی گئی ویڈیو کے ساتھ مشتاق منہاس نے لکھا ’’رات گئے کنٹرول لائن کی صورت حال۔‘‘
رات گئے کنٹرول لائن کی صورتِ حال pic.twitter.com/l1abCKY8IL
— Mushtaq Minhas (@mushtaqminhas) March 1, 2019
آزاد کشمیر کے وزیراطلاعات نے اس سے پہلے کچھ تصاویر بھی شیئر کی جن میں بھارتی گولہ باری سے متاثرہ ایک مکان دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے ایک ری ٹوئیٹ بھی کی جس کے مطابق گولہ باری سے نکیال سیکٹر کے علاقے دھیری میں 80سالہ بزرگ نذیر احمد شہید ہوگئے۔
کچھ دیگر لوگوں نے لاشوں کی تصاویر شیئر کی ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ افراد کنٹرول لائن پر جمعہ کی شب مارے گئے۔
تاہم سوشل میڈیا پر ہی کئی لوگوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں جھڑپیں نہیں ہو رہی ہیں اور اس حوالے سے دعوے کرنے والے افراد مشتہاق منہاس سمیت مسلم لیگ(ن) کے حامی ہیں اور ان کا مقصد ابھینندن کی رہائی پر عمران خان کو ہدف تنقید بنانا ہے۔
آزادانہ طور پر علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر میں جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ تاہم یہ جھڑپیں اتنی شدید نہیں جتنا کہ بعض سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کر رہے ہیں۔ یہ جھڑپیں جمعہ کی شام کو شروع ہوئیں جن میں وقت گزرنے کے ساتھ شدت آتی گئی۔
کوٹلی سیکٹر میں جھڑپوں کی شدت زیادہ ہے۔ پاکستان ہلال احمر نے وہاں اپنی ٹیمیں بھیجنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بھارتی گولہ باری سے جمعہ کو ایک نوعمر لڑکا شہید ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر بڑی تعداد میں جانی نقصان کے دعووئوں کی خبریں اور لاشوں کی تصاویر درست نہیں۔
جمعہ کو بھارتی میڈیا نے بھی اپنے پونچھ اور راجوڑی سیکٹر میں پاکستانی گولہ باری کی خبریں دی ہیں جو بالترتیب تتہ پانی اور نکیال کے تقریباً سامنے ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ نے کہاکہ جھڑپوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں تین افراد مارے گئے۔
سوشل میڈیا پر ہی یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ بھارت میں تین لیزر گائیڈڈ میزائل آزاد کشمیر پر داغے جن میں سے دو پاک فوج نے مار گرائے جبکہ تیسرا آبادی پر گرنے سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
تاہم کسی بھی ذریعے سے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔