پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر کھلی ہے جب کہ لاہور ایئرپورٹ اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے کھولے جانے کا امکان ہے۔
سول ایوی ایشن حکام اور پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور فیصل آباد ایئرپورٹ کیئلے پروازیں پیر 4 مارچ سے بحال ہو جائیں گی۔
لاہور ایئرپورٹ کی آن لائن انکوائری پر دستیاب معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پروازیں اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے سے بحال ہوجائیں گی۔ آن لائن انکوائری بورڈ رات 12 بج کر 10 منٹ پر کویت سے پرواز کی آمد متوقع دکھا رہا ہے۔ اس کے بعد دیگر بین الاقوامی پروازیں فہرست میں موجود ہیں۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق پنجاب، اندرون سندھ اور گلگت بلتستان کیلئے فضائی حدود کی بندش کا حکم نامہ اتوار کی شب 12 بجے سے واپس لے لیا جائے گا۔
لاہور ایئرپورٹ بند ہونے کے باعث متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔ پاکستانی فضائی حدود بند کیے جانے عمرہ زائرین سمیت پاکستانی بیرون ملک محصور ہوگئے۔ جب کہ بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد بھی پریشانی سے دوچار ہیں۔
جمعہ کو کراچی، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد ایئرپورٹ کھول دیئے گئے تاہم دیگر علاقوں کی فضائی حدود کھولنے اور پروازوں کی بحالی کا فیصلہ نہیں ہوا۔ اندرون سندھ سکھر ایئرپورٹ بھی بند ہے۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے فضائی حدود مکمل کھلنے تک بیجنگ، بنکاک اور کوالالمپور کے لیے بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی کیونکہ ان کے لیے فضائی راستے بھارت کی حدود کے قریب سے گزرتے ہیں۔
کراچی، پشاور کوئٹہ اور اسلام آباد ایئرپورٹ کھلنے کے بعد مسافروں کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔
وفاقی وزیر ہوابازی محمد میاں سومرو نے ہفتہ کو کہا کہ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزہ کی معیاد ختم ہو رہی ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔ اب تک پانچ ہزار سے زائد مسافروں کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔ پی آئی اے کے آپریشنل عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ پی آئی اے کے مسافروں کے متعلق شعبہ جات مسلسل مسافروں کی رہنمائی میں مصروف ہیں۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پی آئی اے ملکی ضروریات کے وقت مسافروں کی جانب سے تعاون پر شکر گزار ہے۔