اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فوادچوہدری نے کہا کہ روس میں بھارتی سفیر کا پاک بھارت کشیدگی میں کمی کا بیان خوش آئند ہے۔جنگی ماحول صرف بھارت میں تھا، پاکستان میں تو جنگ کا ماحول تھا ہی نہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہناتھاکہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے پرامن حل کے لیے ہم ثالثی اور دوطرفہ بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں،
انہوں نے کہاکہ بھارت میں انتخابات میں تقریباً 36 دن باقی ہیں اور یہ نہیں لگتا کہ انتخابات سے قبل وہ کوئی بڑا قدم اٹھائیں یا اٹھانے کی پوزیشن میں ہی ہوں لیکن یہ بات ضرور ہے کہ نریندر مودی کی صلاحیت کم ہو رہی ہے اور بھارت کی حالیہ رپورٹس میں بھی ماحول تبدیل ہو رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنگی ماحول تو صرف بھارت میں تھا پاکستان میں تو جنگ کا ماحول تھا ہی نہیں کیونکہ پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں رہا ہے اور ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکہ، چین، روس، یورپی یونین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اپنی کوششوں میں کامیاب ہوئے جو ہمارے تعاون کے بغیر ممکن ہی نہیں تھا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور اسی لیے میں نے قومی اسمبلی میں ایک قرارداد بھی جمع کرائی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دیا جانا چاہیے۔