فیصل ووڈا نے توہین مذہب پر مبنی جملے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہے
فیصل ووڈا نے توہین مذہب پر مبنی جملے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہے

فیصل ووڈا پر عمران کی تعریف میں توہین مذہب کا الزام

تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل ووڈا پر عمران خان کی تعریف کے دوران مذہب کی توہین کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم راولپنڈی کے تھانے نے ان کے خلاف درخواست وصول کرنے سے انکار کردیا

فیصل ووڈا نے بظاہر اس گستاخی کا ارتکاب نجی ٹی وی اے آر وائی کے پروگرام ’’اعتراض ہے‘‘ میں کیا جس میں پروگرام کی میزبان صدف عبدالجبار بھی انہیں روکتی رہ گئیں اور کئی بار انہوں نے کہا، ’’کیا کہہ رہے ہیں فیصل ووڈا صاحب!‘‘

پروگرام میں پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ بھی موجود تھی جبکہ مسلم لیگ(ن) کے رانا ثنا اللہ ٹیلی فون کے ذریعے شریک تھے۔

پروگرام کے اس حصے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور لوگ توبہ استغفار کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں (نعوذ باللہ) فیصل ووڈا نے کہا کہ پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ عمران خان اللہ کے بعد بڑا آدمی ہے۔

میزبان صدف عبدالجبار اس پر حیران رہ گئیں اور انہوں نے کہا ’’کیا کہہ رہے ہیں فیصل ووڈا صاحب!‘‘

تاہم فیصل ووڈا نے ایک بار پھر اپنا وہی مؤقف دہرایا۔ میزبان نے انہیں اپنے الفاظ پر غور کرنے کا مشورہ دیا۔

پی پی کی نفسیہ شاہ بھی ششدر رہ گئیں، انہوں نے کہا ’’ایک سیاستدان کوآپ نے خدا نخواستہ۔۔۔‘‘ تاہم انہوں نے ووڈا کا بیان دہرانے سے اجتناب کیا۔

فیصل ووڈا نے اب بھی اپنی بات پر غالبا غور نہیں کیا اس پر ٹی وی میزبان نے وقفہ پر جانے کا اعلان کردیا۔

یہ واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیان شب نشر ہونے والے پروگرام میں پیش آیا۔

وفاقی وزیر کے اس بیان پر چیئرمین ڈیفنس آف پاکستان حافظ احتشام احمد نے اتوار کو تھانہ نصیر آباد راولپنڈی میں مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست دی تاہم  موجود ڈیوٹی افسر سب انسپکٹر خلیل نے دخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

ڈیوٹی افسر کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ہماری حدود کا نہیں ہے، جہاں سے پروگرام نشر ہوا ہے،وہاں ہی مقدمہ درج کروائیں۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں پروگرام دیکھا گیا وہاں وہاں اندراج مقدمہ ہو سکتا ہے، میری رہائش اسی تھانے کی حدود میں ہے،اس لئے مقدمہ اسی تھانے کا بنتا ہے۔

اایس ایچ او تھانہ نصیر آباد نے بھی درخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ جس پر حافط احتشام نے عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔