اسلام آباد: پاکستان نے دنیا کے 178 ممالک کے پارلیمان کو خط لکھ کر بھارتی جنگی جنون سے آگاہ کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی جانب سے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف دنیا بھر کے 178 پارلیمان کوخط لکھا گیاہے جس میں بھارتی جنگی جنون سے آگاہ کیا گیاہےجبکہ پاکستانی پارلیمنٹ کی منظور کردہ مشترکہ قرارداد بھی ارسال کی ہے۔
خط میں لکھاگیاہے کہ عالمی امن کی خاطر پاکستان ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے لیکن بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کیوں کہ پاکستان اپنے مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ماہر پائلٹس کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی بھارت کیلئے واضح پیغام ہے، بحثیت منتخب نمائندگان، آپ اپنے رائے دہندگان کے حقوق، امن اور سلامتی کے نگہبان ہیں۔
خط میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔اسد قیصر نے اپیل کی کہ کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیاجائے اور پارلیمان دنیا کو جنگ کی ہولناکیوں سے محفوظ بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔