قومی احتساب بیوروکے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہاہے کہ نیب نے ڈبل شاہ کو سنگل شاہ بنا دیا ہے جب کہ اس کے شریک ملزم سے بھی رقوم ریکور کی ہے۔
جسٹس جاوید اقبال نے اتوار کو کہا کہ قومی احتساب بیورو شفافیت اورقانون کی حکمرانی پریقین رکھتی ہے، دولت کمانے کیلئے جلدبازی کرنے والوں کو سوچنا چاہئیے کہ انسان اس دنیاءسے خالی ہاتھ جاتاہے، بدعنوانی کا خاتمہ قومی احتساب بیورو کی اعلیٰ ترین ترجیح ہے۔ قومی احتساب بیورو نے ڈبل شاہ سے 4 ارب روپے ریکورکرکے اسے سنگل شاہ بنادیا ہے، ریکور کی گئی رقم متاثرین کو واپس کردی گئی،اسی طرح ڈبل شاہ کے ساتھ شریک ملزم تصورگیلانی سے 1.9 ارب لوٹی گئی رقم میں سے 1.2 ارب روپے کی ریکوری کی گئی یہ رقم بھی متاثرین کو واپس کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ نیب نے ابھی تک 298 ارب روپے کی ریکوری کی ہے جو قومی خزانے میں جمع کرائی گئی۔انہوں نے کہاکہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ اورخاموش قاتل ہے، قومی احتساب بیورو کے افسران قوم کی توقعات کے مطابق معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں کیونکہ بدعنوانی کاخاتمہ ایک قومی ذمہ داری ہے۔
چئیرمین نیب نے کہاکہ بدعنوانی کے مبینہ الزامات کے ضمن میں تحت قومی احتساب بیورو نے ہر قسم کی وابستگی سے قطع نظر شکایات کی تصدیق، چھان بین اورتحقیات کا عمل شروع کیاہے۔ ” احتساب سب کیلئے “ کی پالیسی کے تحت غیرامتیازی اوریکساں اقدامات نے قومی احتساب بیورو کے عزت اوروقار میں کئی گنا اضافہ کیاہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ 14 مہینوں میں نیب نے ہاوسنگ، کواپریٹو اورحکومتی محکموں کے کرپشن کے ضمن میں 4200 ملین روپے کی ریکوری کی اورمتاثرین کو ان رقوم کی واپسی کی گئی۔انہوں نے نیب کے تمام ڈی جیزکو تمام ضروری دستاویزی تقاضوں کی تکمیل کے بعد اورقانون کے مطابق بدعنوان افراد ، اشتہاری ملزمان اورمفروروں کی گرفتاری اوران سے رقوم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔