وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی ہندو برادری سے متعلق بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نریندر مودی، بھارتی افواج اور انڈین میڈیا کے متعلق بات کررہے تھے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی ہندو برادری سے متعلق بیان کی وضاحت کرتے ہوئے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ گذشتہ روز اپنے خطاب کے دوران انہوں نے پاکستان کی ہندو برادری کو مخاطب نہیں کیا تھا بلکہ وہ نریندر مودی، بھارتی افواج اور انڈین میڈیا کے متعلق بات کررہے تھے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ان کے ریمارکس سے پاکستان میں موجود ہندو برادری کی دل آزاری ہوئی تو وہ اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ‘میرا مخاطب قطعی طور پر پاکستانی ہندو کمیونٹی نہیں تھی، جو بھی میرے وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کو منہ توڑ جواب دوں گا’۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کے دوران فیاض الحسن چوہان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس دوران انہوں نے ہندو برادری کے خلاف بھی توہین آمیز جملہ کہا۔