سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہاہے کہ انکی اورنواز شریف کے ذاتی معالج کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو انجائنا کا درد ہوا اور انہوں نے جیل حکام سے نائٹریٹ اسپرے مانگا۔ نواز شریف نے بتایا کہ انہیں ایک ہفتے میں 4 بار انجائنا کا درد ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم پاکستان کی صاحبزادی مریم نواز نے لکھا کہ نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے۔نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو کون ذمہ دار ہو گا۔
مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ نوا زشریف کوہسپتال میں رکھنے کے باوجود انہیں کوئی علاج فراہم نہیں کیا گیا۔ مریم نواز نے لکھا ”نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ ایک بہانے کے طور پر ہسپتال میں نہیں رہنا چاہتے۔“
اپنے پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کے ساتھ حکومت کا سلوک پریشان کن ہے،مجھے اور خاندان کو نواز شریف کی صحت کو درپیش خطرات پر تشویش ہے۔
یاد رہے گزشتہ دنوں نواز شریف کو صحت کی خرابی پر کوٹ لکھپت جیل سے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے انجیو گرافی نہ کرانے کا سارا ملبہ حکومت پر ڈال دیا تھا۔