نیب کی ہر چیز میں گڑبڑ، کوئی ادارہ نہیں جونیب کا آڈٹ کرے؟ سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ کرپٹ لوگ ملک لوٹ کر کھا گئے کوئی ان پرہاتھ نہیں ڈالتا، نیب کی ہر چیز میں گڑبڑ ہے، نیب کاآنگن ہی ٹیڑھا ہے، بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتے ہیں، کیا کوئی ادارہ نہیں جونیب کا آڈٹ کرے؟

نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں این آئی سی ایل کرپشن کیس کی سماعت جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ محسن حبیب کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ اتنا بڑا کیس ہے اورمحسن حبیب آرام سے گھوم رہا ہے

پراسیکیوٹر نے کہا کہ محسن حبیب کونیب نے طلب کیا تھا، سپریم کورٹ کاحکم تھا کہ محسن حبیب کو گرفتار نہ کیا جائے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ کاحکم صرف 2 دن کیلئے تھا، نیب کو کیا پریشانی ہے، نیب کر کیا رہا ہے؟

جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ نیب کی ہر چیز میں گڑبڑ ہے، نیب کا آنگن ہی ٹیڑھا ہے، بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتے ہیں، جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ کرپٹ لوگ ملک لوٹ کر کھا گئے کوئی ان پرہاتھ نہیں ڈالتا، نیب سے اللہ ہی پوچھے گا۔ کیا کوئی ادارہ نہیں جونیب کا آڈٹ کرے؟