ہم نے جارحیت کا جواب دیا، بھارت اپنی اصلاح کے اقدامات کرے، میجر جنرل آصف غفور

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہےکہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا جواب دیا بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی طرف سے امن کا پیغام تھا، الزامات سے بہتر ہے کہ بھارت اپنی اصلاح کے اقدامات کرے۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور جارحیت کی جس کا پاکستان نے جواب دیا، بھارت کی جارحیت کی وجہ سے دونوں ملک جنگ کے قریب تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھارت پر منحصر ہے کہ کشیدگی کم کرنے کیلئے کیا کرتا ہے ، بال بھارت کی کورٹ میں ہے ، بھارتی جارحیت کاعلاقائی امن پراچھااثرنہیں پڑےگا، پاکستان نے بھارتی فضائی حدودکی خلاف ورزی نہیں کی بلکہ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی طرف سے امن کا پیغام تھا، دیکھتے ہیں اب بھارت ہمارے امن کے پیغام کا کیا جواب دیتا ہے، الزامات سے بہتر ہے کہ بھارت اپنی اصلاح کے اقدامات اور  پہلے اپنا گھر درست کرے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم میرا بیان نہیں ہے بلکہ یہ اقوام متحدہ کی رپورٹ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے کے امن میں رکاوٹ ہے، اگر بھارتی مظالم جاری رہے تو کشمیریوں کا ردعمل لازمی ہے، اب بھارت پر منحصر ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وہ کیا کرتا ہے کیونکہ خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مقبوضہ کشمیر میں خواتین سے زیادتی اور لوگوں کو نابینا کرنے کیلئے پیلٹ گنز کا استعمال کیا جارہا ہے۔