اپوزیشن کے ارکان اسپیکر کے ڈائس کے سامنے نماز مغرب ادا کرہے ہیں
اپوزیشن کے ارکان اسپیکر کے ڈائس کے سامنے نماز مغرب ادا کرہے ہیں

قومی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اسپیکر ڈائس کے سامنے نماز کی ادائیگی

قومی اسمبلی میں فنانس بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن نے احتجاج کرنا شروع کردیا اور ایجنڈے کی کاپیا ں پھاڑ دیں۔

اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس جاری تھا کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا اسعد محمود نے قرارداد پیش کرنے کی اجازت مانگی.

انہوں نے کہا کہ کل سے قرار داد لانے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن پیش نہیں کرنے دے رہے۔ جس پر اسپیکر نے ریمارکس دیے کہ اس طرح قراداد پیش نہیں کر سکتے پہلے سیکریٹریٹ میں قرارداد جمع کرائیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر اپوزیشن کو سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ میں رولز کے مطابق اسمبلی چلاﺅں گا لیکن اپوزیشن ارکان کی جانب سے شورشرابا اوراحتجاج جاری رکھا گیا۔اپوزیشن ارکان نے بک کی کاپیاں پھاڑ دیں اور کہا کہ حکومت کو بجٹ پاس کرنے میں اتنی جلدی کس بات کی ہے۔

اپوزیشن نے بات نہ سننے پر قومی اسمبلی میں اسپیکر کے ڈائس کے سامنے ہی نما ز باجماعت کی ادائیگی شروع کردی، اس موقع پراسپیکر قومی اسمبلی نے نماز کیلیے دس منٹ تک ایوان کی کارروائی موخر کر دی، اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے نماز مغرب ادا کی ۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی خواجہ آصف ، احسن اقبال ودیگر نے بھی مولانا اسد محمود کے پیچھے نما ز مغرب ادا کی ۔

نماز کی ادائیگی کے بعد اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان نے فیصل واوڈا کیخلاف نعرے بازی شروع کر دی بعد ازاں اپوزیشن کے ارکان اسمبلی سے واک آئوٹ کر گئے۔

مسلم لیگ ن کے رہنمااحسن اقبال نے کہاہے کہ اسپیکرقومی اسمبلی فنانس بل کی منظوری کیلیے نمازکا وقفہ کرنے پر بھی نہیں تیار تھے جس پر ہم کومجبوراً قومی اسمبلی میں نماز ادا کرنی پڑی ۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے وزیر قومی اسمبلی میں پٹرول کے بم لیکر کھڑے ہوتے ہیں کہ اگر کوئی چنگاری آئے تو ہم نے اس چنگاری کو بجھنے نہیں دینا بلکہ آگ کا الاﺅ بنانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے طے کیا تھا کہ فنانس بل پر تین دن بحث کی جائیگی لیکن اس عمل کو عملی طور پر بلڈوز کردیا اور بہت سے ارکان کو بولنے نہیں دیا گیا ۔

واضح رہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج کے دوران سپیکر کے ڈائس کے سامنے باجماعت نماز ادا کی گئی ہے۔