پاکستان کے دورے پر آئے چینی نائب وزیر خارجہ کانگ شوان یو نے وزیراعظم عمران خان،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی نائب وزیر خارجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی، باہمی تعاون اور پاک بھارت صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی نائب وزیرخارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
Maj Gen Asif GhafoorVerified account
H.E Mr Kong Xuanyou, Vice Foreign Minister of China called on COAS. Matters of mutual interest, regional security, bilateral cooperation and current situation between Pakistan and India discussed. Visiting dignitary appreciated Pakistan’s efforts for regional peace and stability.
قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمن چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرمن چیف آف ڈیفنس سٹاف نے امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
جنرل ابرہاڈ زورن نے اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور پاک جرمنی باہمی تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ جنرل ابرہاڈ نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انھیں جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
پاکستان نے چین کی غیرمتزلزل حمایت پر شکریہ اداکیا۔ ترجمان دفترخارجہ
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق چینی نائب وزیرخارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی نائب وزیرخارجہ نے سیکریٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی جب کہ ملاقاتوں میں آزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین اسٹریٹیجک تعاون کی پارٹنر شپ کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے چین کی غیرمتزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور چینی نائب وزیرخارجہ کو بھارت سے تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے سے حل کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔
ملاقاتوں میں چینی نائب وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور پارٹنر ہیں اور چین خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی نائب وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں ملکوں نے مضبوط دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہر سطح پر پاک چین تعاون اور رابطے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔