گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور نصف حصہ کو نظر انداز کر کے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
خواتین کو برابر کے شہری کی حیثیت دینے کی غرض سے بلوچستان اسمبلی میں قانون سازی بھی کی گئی ہے جس میں وراثت کے قانون کے تحت خواتین کو ان کے حصے کی منتقلی کے تحفظ کا قانون بھی شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ کا پیغام میں کہنا ہے کہ معاشرے کی پسماندگی دور کرنے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ خواتین کے احترام اور تمام معاملات میں ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے حقوق کا پورا احترام کرتی ہے، حکومت خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی اس حوالے سے محکمہ وویمن ڈویلپمنٹ کو خواتین کے لئے مخصوص مارکیٹ کے قیام کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔