اسکردو: نانگا پربت پر 2 غیرملکی کوہ پیماؤں کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ نانگا پربت ریسکیو ٹیم کے سربراہ علی سدپارہ نےنانگا پربت پر 2 غیرملکی کوہ پیمائوں کی موت کی تصدیق کرتےہوئے کہاکہ دونوں کوہ پیماؤں کی لاشیں کیمپ تھری کے پاس دکھائی دی ہیں اور ان کی لاشیں پہاڑ کے خطرناک حصے میں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی کوہ پیما ٹوم بلارڈ اور اٹلی کے کوہ پیما ڈینل ناردی کوہ ہمالیہ میں واقع نانگا پربت پر مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہوئے تھے جس کے بعد ان کی تلاش کا کام شروع کیا گیا تھا۔ دونوں کوہ پیما شدیدسردی اور طوفانی ہوا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں جب کہ اس موسم میں لاشیں لینے کیلئے جانا انتہائی خطرناک ہے اور ریسکیو ٹیم لاشوں کی نشاندہی کے بعد واپس اسکردو پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں 4 غیر ملکی اور 3 پاکستانی کوہ پیماؤں نے حصہ لیا اور لاشوں کی نشاندہی جدید کیمروں کے ذریعے کی گئی۔