محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوچکااور سرحدی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔
چمن کے علاقے کوژک ٹاپ، شیلاباغ، قلعہ عبداللہ، گلستان، خانوزئی، برشور، بوستان اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔
پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق بارشوں کے نئے سلسلے سے پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، قلات اور خضدار کے اضلاع کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے صوبے کے شمال مشرقی اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کردی ہے جب کہ مسافروں کو آج اور کل غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کوئٹہ میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کے باعث موسم میں ٹھنڈ برقرار ہے۔ آج کراچی ڈویژن، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3، قلات میں 2، دالبندین میں 7، بارکھان میں 8، سبی میں 14، تربت میں 15، گوادر اور ژوب میں 16، لسبیلہ میں 17 جب کہ زیارت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔