چوہدری فواد اور صمصام بخاری کے یوٹرن مشہور ہوگئے

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناپسندیدگی کے اظہار کے بعد وفاق اور پنجاب کے وزیر اطلاعات نے یو ٹرن لیتے ہوئے موقف بدل لیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور پنجاب کے وزیر اطلاعات سید صمصام علی شاہ بخاری نے اپنے بیانات میں پہلے پنجاب کے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا خیر مقدم کیا تھا۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کے فوری بعد تو حمایت کی تھی لیکن آج وزیراعظم کی برہمی کے بعد اچانک فیصلے کی مخالفت میں سوشل میڈیا پر بیان داغ دیا۔

فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر کہا کہ وزیر اعلیٰ اور پنجاب اسمبلی کے خود کو نوازنے کے اقدامات وزیراعظم اور وفاقی حکومت کی پالیسیز سے متصادم ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پالیسی کا صریحاً مذاق اڑایا گیا ہے، امید ہے اس پالیسی پر فوری نظرثانی کی جانی چاہئے۔

ادھر پنجاب کے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری نے بھی یوٹرن والوں کی فہرست میں شامل ہوتے ہوئے بل کی منظوری پر تحفظات کا اظہار کر دیا، اس سے پہلے وہ تنخواہوں میں اضافے کے بل کو احسن اقدام اور ضرورت قرار دے چکے تھے۔