نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق بابر اعوان کو مشیر اطلاعات بنائے جانے کا امکان ہے تاہم ان کی تعیناتی نندی پور کیس کی کلیئرنس سے مشروط ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فواد چوہدری کو آئندہ چنددنوں میں وزارت اطلاعات سے ہٹادیا جائے گا۔ذرائع نے امکان ظاہرکیا ہے کہ فواد چوہدری کو کسی اور وزارت کا قلمدان سونپا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر فواد چوہدری کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بابر اعوان نے مشیر اطلاعات بنائے جانے کی خبروں کی تردید کی ہے،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے فواد چودھری کی جگہ لانے کی اطلاعات درست نہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران عہدے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی،وزیراعظم سے صرف قانونی اور آئینی معاملات پر بات ہوئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا یوسف بیگ مرزا نے کہا ہے کہ بابر اعوان کو وزارت اطلاعات کا قلم دان دیے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں, وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین بدستور اپنے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا کران کی جگہ صمصام بخاری کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔