وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ارکان قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز آئندہ ماہ کیا جائے گا۔
ایک رکن اسمبلی کے حلقے میں ترقیاتی اسکیم کے لیے 15 کروڑ روپے تک کے فنڈز جاری کئے جائیں گے تاہم کسی رکن قومی اسمبلی کو براہِ راست فنڈز جاری نہیں کئے جائیں گے۔
ارکان اسمبلی سے اپنے اپنے حلقوں کی ترقیاتی اسکیمیں مانگی گئی ہیں،ترقیاتی کام سرکاری اداروں کے ذریعے کرائے جائیں گے۔
100 سے زائد ارکان اسمبلی نے اپنی اسکیمیں اسٹیئرنگ کمیٹی کو جمع کرا دی ہیں، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نعیم الحق 12 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ ہیں،اسٹیئرنگ کمیٹی میں اتحادی جماعتوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اقتدار میں آنے سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اراکین اسمبلی کو فنڈز جاری کرنے کے ناقد رہے ہیں۔