وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی سے سابقہ ادوار کی لوٹ مار کا حساب مانگا تو بلاول زرداری کو عوام یاد آگئی، جب کہ مسلم لیگ (ن) بھی نوازشریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے۔
ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے حساب مانگتے ہیں تو وہ شور مچانا شروع کردیتے ہیں، احتساب کا وقت آیا تو دونوں جماعتوں نے چلانا شروع کردیا۔
ان کا کہناتھا کہ پی پی سے سابقہ ادوار کی لوٹ مار کا حساب مانگا تو بلاول زرداری کو عوام یاد آگئی، جب کہ (ن) لیگ بھی نواز شریف کی صحت پر سیاست کررہی ہے، حالانکہ حکومت نے نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی پیشکش کی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو آگے لے جانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، خارجہ پالیسی کو پاکستان اور عوام کے مفاد میں تشکیل دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم پاکستان نے تھر کے عوام کے لیے ہیلتھ کارڈ پانی اور سولر سسٹم جیسے منصوبے شروع کئے ہیں، قوم کو لٹیروں سے نجات دلائیں گے۔