شہباز شریف نے اپنے بھائی نواز شریف کی طبیعت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران نیازی ہونگے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ، وہ بہت بیمار ہیں
انہوں نے کہا کہ حکومت بدترین غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ حکومت سنجیدگی سے کام نہیں لے رہی، نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری ہو چکی ہے، وہ بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے مریض بھی ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے جو مراعات منظور کی گئی ہیں وہ سمجھ سے باہر ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بطور وزیراعلیٰ 10 سال تک ایک دن بھی تنخواہ نہیں لی جبکہ اس دوران گاڑی بھی ذاتی استعمال کرتا تھا۔ ہمیشہ علاج معالجے کے لیے تمام طبی اخراجات خود ادا کیے۔