نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر دہشت گرد حملے میں 50 افراد کی شہادت کے باوجود پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ فائنل میچ سے پہلے ناچ گانے کی تقریب منسوخ نہ کرسکی۔
اتوار کو فائنل سے پہلے اسٹیڈیم میں جمع شائقین، کھلاڑیوں اور منتظمین نے شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی تاہم اس کے بعد گانے بجانے کا آغاز شروع ہوگیا۔
ایک منٹ کی خاموشی کے دوران اسٹیڈیم میں موجود تمام افراد شہدا کی یاد میں کھڑے رہے۔
اس سے پہلے سوشل میڈیا پر عوام نے مطالبہ کیا تھا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے سوگ میں میچ سے پہلے رکھی گئی ناچ گانے کی تقریب منسوخ کردی جائے۔
ایک منٹ کی رسمی خاموشی کے بعد جن گلوکاروں نے پرفارم کیا ان میں ابرارالحق، آئمہ بیگ، علی عظمت اور دیگر شامل تھے۔
اسٹیڈیم میں موجود تماشائی ان گلوکاروں کو داد دیتے رہے۔ وقفے وقفے سے تماشائیوں کی نشستوں سے باجے بجنے کی آوازیں بھی آتی رہیں۔
نیوزی لینڈ حملہ۔ پاکستان کا کل قومی پرچم سر نگوں رکھنے کا اعلان
آئمہ بیگ نے نازیہ حسن کا گانا ’’ڈسکو دیوانے‘‘ گایا۔ حالانکہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں نازیہ حسن کا گانا بغیر اجازت استعمال کرنے پر زوہیب حسن نے احتجاج کیا تھا اورقانونی چارہ جوئی کا انتباہ دیا تھا۔ یہ واضح نہیں کہ اس مرتبہ اجازت لی گئی یا نہیں۔
تقریب کی میزبانی اداکار فواد خان اور فخر عالم نے کی۔
اہم شخصیات میچ دیکھنے والوں میں شامل
اختتامی تقریب ختم ہونے قریب اہم ملکی شخصیات میچ دیکھنے کے لیے پہنچنا شروع ہوگئیں۔ ان میں صدر عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرمملکت برائے امور داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ار دیگر شامل تھے۔