بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزرا کی برطرفی کے مطالبے پر مجھے نیب کا نوٹس مل گیا، دھمکیاں ملنا بھی مطالبے کا ردعمل ہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ کالعدم تنظیموں سے وابستہ وزرا کی برطرفی کے مطالبے پر مجھے نیب کا نوٹس مل گیا، میرے مطالبے پر حکومت نے یہ ردعمل دیا کہ مجھے ریاست مخالف کہا گیا جب کہ مجھے قتل کی دھمکیاں ملنا بھی میرے اسی مطالبے پر حکومتی ردعمل ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کالعدم تنظیموں کی مدد سے الیکشن جیتنے والوں کو الگ کرنا چاہیے، ایسے وزرا کو نکالنے کے مطالبے پر اینٹی aسٹیٹ قرار دیا گیا، دھمکیاں اور نوٹسز موقف سے نہیں ہٹا سکتے۔
ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں موت کی دھمکیاں اور نیب کے نوٹسز دیئے گئے، کالعدم تنظیموں کی الیکشن میں سپورٹ لینے والوں کو الگ کرنا چاہیے، ایسے وزرا کو نکالنے کے مطالبے پر مجھے اینٹی اسٹیٹ قرار دیا گیا، یہ سب کچھ ہمیں اصولی موقف سے نہیں ہٹا سکتا، این ایس سی پارلیمنٹری کمیٹی بنا کر گروپوں کیخلاف کارروائی کریں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا ایسے وزرا کو وفاقی کابینہ سے الگ کر دینا چاہیئے، ایسے گروپوں سے حکومت کو دوری اختیار کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ میں کالعدم تنظیموں سے وابستہ وزرا کی موجودگی تک حکومت کو کوئی سنجیدہ نہیں لے گا، کالعدم تنظیموں کے تربیتی مراکز کی حمایت کرنے والے وزرا اور انتخابی مہم میں کالعدم تنظیموں کی حمایت حاصل کرنے والوں کو برطرف کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت انتہاپسندی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو کالعدم تنظیموں کو یقین دہانیاں کرانے والوں کو فارغ کرے۔