وزیر ریلوے شیخ رشید کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکی گئی ہے۔
پی ٹی آئی (گ) کی سربراہ عائشہ گلالئی نے وزیرریلوے شیخ رشید کے وڈیو بیان پر ان کی نا اہلی کے لیے درخواست دائرکردی۔
درخواست گزارنے موقف اختیارکیا کہ شیخ رشید نے اپنے ویڈیوبیان میں آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی ہے۔
شیخ رشید نے ایک بیان میں کہا تھا کہ مندروں میں گھنٹیاں نہیں بجیں گی، شیخ رشید کے ویڈیو بیان نے امن عامہ میں خلل ڈالا ہے۔
درخواست گزارکے مطابق شیخ رشید کے ویڈیو پیغام سے پاکستانی عوام کو اقلیتوں کے خلاف اشتعال دلائے جانے کا خطرہ ہے، ایسا بیان دے کربطورممبر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیراپنے عہدے کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے جس پرانہیں قومی اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل کیا جائے۔
عائشہ گلالئی نے درخواست دائرکرنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے ہندوﺅں کے بارے متعصبانہ بیان دیا
ان کا کہناتھا کہ ہمارا مسئلہ نریندر مودی کے ساتھ ہے، ہندوﺅں کے ساتھ نہیں، شیخ رشید نے نریندر مودی کی طرح عوام کو اشتعال دلایا، شیخ رشید کو گلی محلوں کی باتیں تو آتی ہیں لیکن کام کی بات نہیں آتی۔
عائشہ گلالئی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا ہے، ہمارے حکمران باہر کی دنیا سے ہی کچھ سیکھ لیں، الیکشن کمیشن سے شیخ رشید کی 62 اور 63 کے تحت نااہلی کی استدعا ہے۔