اینٹی نارکوٹکس فورس نے جناح ٹرمینل پر سعودیہ عرب اور دبئی جانے والی پروازوں کے مسافروں اور کوریئر کمپنی کے پارسل کے ذریعے 4 کروڑروپے مالیت کی منشیات بیرون ملک بھیجنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منگل کو جناح ٹرمینل سے عمرہ کے لیے سعودیہ عرب جانے والے مسافر کے سامان کی تلاشی لینے پر ڈیڑھ کلو آئس پاوڈر برآمد ہوا جو ملزم نے انتہائی مہارت کے ساتھ اپنے سفری بیگ میں چھپارکھا تھا۔
ترجمان کے مطابق قبضے میں کی گئی آئس کی مالیت 2 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔
دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف نے دبئی جانے والے مسافر کے سامان کو مشکوک قرار دیے جانے کے بعد جانچ پڑتال کےدوران 9 ہزار 900 نشہ آور گولیاں برآمد کرلیں جس کی مالیت 50 لاکھ روپے ہے، دونوں پروازوں کے مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تیسری کارروائی کے دوران کوریئر کمپنی سے اٹلی بجھوائے جانے والے پارسل سے 600 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جس کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔