غلطی ہے کہ نیب کے کالے قانون میں تبدیلی نہ لائے، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ ہماری غلطی ہے کہ اپنے دور میں نیب کے کالے قانون میں تبدیلی نہ لائے، نیب  کو پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری کرنے اور سیاسی انجینئرنگ کے لیے بنایا گیا تھا۔ کالعدم تنظیموں کا ساتھ دینے والے تین وزیروں کو وفاقی کابینہ سے نکالا جائے۔

بلاول بھٹو نے نیب میں پیشی کے بعد گاڑی کی چھت پر کھڑے ہوکر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے نیب قوانین میں تبدیلی نہیں کی یہ ہماری غلطی تھی، مستقبل میں آئین سے آمر کا ہر ڈالا گیا کالا قانون نکال دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری غلطی ہے کہ اپنے دور میں نیب کے کالے قانون میں تبدیلی نہ لائے، نیب  کو پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری کرنے اور سیاسی انجینئرنگ کے لیے بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان نوٹسزسے نہیں ڈرتے، بے نظیرکے جیالے ہیں، میری ایک سال کی عمر سے نیب احتساب شروع کررہی ہے، آج جس  کمپنی کے کیس میں مجھے بلایا گیا میں اس وقت ایک سال سے بھی کم عمر کا تھا

انہوں نے کہا کہ ہم کٹھ پتلی حکومت کو للکارتے رہیں گے کالعدم تنظیموں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے، جب ہم کالعدم تنظیموں کے خلاف بات کرتے ہیں تو ہمیں نوٹس ملتے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ ہم نے ہر آمریت کا مقابلہ کیا اس کٹھ پتلی حکومت کا بھی مقابلہ کریں گے، ملک میں سیاسی بحران کے خلاف آواز اٹھارہاہوں، حکومت تین وزرا کووفاقی کابینہ سے فارغ کرے۔