جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو 26 مارچ کو طلب کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مراد علی شاہ کو ٹھٹھہ شوگر مل کیس میں طلب کیا گیا۔ ان کو اولڈ نیب ہیڈکوارٹرز میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ٹھٹھہ شوگر مل سے متعلق تمام ریکارڈ بھی ہمراہ لانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ مراد علی شاہ کو طلبی کا باقاعدہ نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ہم نیوز نے دو ماہ قبل خبر دی تھی کہ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کو بیان رکارڈ کرادیا جن سے لگ بھگ دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری سے پارک لین کمپنی سمیت دو کیسز کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے۔ بلاول بھٹو سے بھی اسی متعلق سوالات پوچھے گئے ۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے نیب سے وقت مانگا ہے کہ جوسوالات دیے گئے ہیں انکے جوابات تحریری طور پر دیں گے۔