وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈرا ایرڈرن کو ٹیلی فونک کیا اور مسجدوں پر ہونے والے دہشت گرد حملوں پر نیوزی لینڈ میں حکام کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے لیے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا رد عمل قابل تعریف ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈرا ایرڈرن کو ٹیلی فون کیا، وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے 50 قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔
وزیراعظم نے نیوزی لینڈ میں حکام کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے لیے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا رد عمل قابل تعریف ہے، پاکستانی عوام کی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے کہا کہ آپ نے اپنے رویے سے پاکستانیوں اور مسلمانوں کے دل جیت لیے۔ دونوں وزرائے اعظم کے درمیان اسلامو فوبیا اور عالمی انتہا پسندی پر بھی بات چیت ہوئی۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈرا ایرڈرن کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد نیوزی لینڈ ایک گہرے صدمے میں تھا۔ انہوں نے پاکستانی شہری نعیم رشید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نعیم رشید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر کئی شہریوں کی زندگیوں کو بچایا۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔